پرائس کنٹرول میکینزم پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا :ڈی سی
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پرائس کنٹرول میکینزم پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔
اس حوالہ سے ڈپٹی کمشنرعلی اکبر بھنڈر نے کہا ہے کہ عوام کو اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں پر دستیابی ممکن بنانے کیلئے تمام پرائس مجسٹریٹس متحرک ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ارزاں نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ناجائز منافع خوروں کے ساتھ سختی سے نمٹا جا رہا ہے ۔ رواں ماہ کے دوران اشیاء خوردونوش کے من مانے نرخ کی وصولی پر پرائس مجسٹریٹس نے 6147 انسپکشنز کیں۔خلاف ورزی کرنے والے 719دوکانداروں کو اب تک 22 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ کیا گیا۔ 107دوکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ناجائز منافع خوروں کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے ۔ اس حوالہ سے تمام پرائس مجسٹریٹس کو ہدایات جاری کی ہوئی ہیں کہ مارکیٹوں کی روزانہ چیکنگ ضرور کریں تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے ۔