ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد کے گودام سے سمگلنگ میں پکڑے کروڑوں کے سگریٹ چوری

ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد کے گودام سے سمگلنگ میں پکڑے کروڑوں کے سگریٹ چوری

فیصل آباد(بلال احمد سے )ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد کے گودام سے سمگلنگ میں پکڑے گئے کروڑوں روپے کے سگریٹ چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔

ادارے کے اپنے ہی ملازمین ملوث نکلے ۔ریجنل ٹیکس آفس کے ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کی جانب سے بھاری مقدار میں سمگل شدہ سگریٹ پکڑنے کے بعد کارٹن سیل کرکے گودام میں منتقل کردیئے گئے ۔ جہاں سے مختلف اوقات کے دوران 2 کروڑ 40 لاکھ مالیت کے 581 کارٹن چوری ہوگئے ۔گنتی کے دوران معاملہ سامنے آیا تو سینئر آڈیٹر اشتیاق کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی رپورٹ میں ہوشربا انکشافات سامنے آگئے ۔ ایف بی آر کے آفس سپرنٹنڈنٹ نیاز علی، سپاہی محمد رمضان، سپاہی محمد آصف، سپاہی محمد عبداللہ اورچوکیدار عابد شہزاد نے ساز باز ہوکر گودام سے کروڑوں کے سگریٹ غائب کئے ۔ سپاہی محمد رمضان چار بار 19، 20 اکتوبر، 09، 10 نومبر بغیر اجازت اور خلاف ضابطہ گودام میں داخل ہوا جہاں اس نے وقتی طور پر بجلی کا کنکشن منقطع اور سی سی ٹی وی کیمروں کا نظام بند کیا۔ اور اسی دوران گودام سے سگریٹ چوری کرلیے گئے ۔ ایف بی آر کے دو انسپکٹرز محمد عثمان اکرام اور اصغر علی کو بطور گواہ انکوائری رپورٹ میں شامل کیا گیا۔ معاملہ سامنے پر ریجنل ٹیکس آفس کی جانب سے 5 نامزد ملازمین اور نامعلوم افراد کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج کروا دیا گیا جس کے بعد سب انسپکٹر امانت علی کوتحقیقات کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں