جرائم کے خاتمہ کیلئے عوامی تعاون ضروری :ڈی پی او چنیوٹ
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈی پی او چنیوٹ عبداللہ احمد نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت گزشتہ روز بھی لوگوں کے مسائل سنے اور درخواستیں متعلقہ افسران کو مارک کرکے مختص کردہ ٹائم میں داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔۔۔
ڈی پی او نے کمپلینٹ سیل افسران کو درخواستوں کا فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او عبداﷲاحمد نے کہا کہ جرائم کے خاتمہ کے لیے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں،ضلع بھر کے تمام تھانوں میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کارلاتے ہوئے شہریوں کی سہولت کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں اور لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جار ہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں آنے والے شہریوں کیساتھ اچھے اخلاق سے پیش آکر ان کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے اور بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے ۔دفاتر،تھانہ جات میں کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔کسی بھی وجہ سے شہریوں کا تھانہ جات میں کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا تو شہری بلاجھجھک میرے دفتر تشریف لائیں ،انکے مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا ۔ عوام جرائم کے خاتمہ کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے اردگرد ہونے والے جرائم کی نشاندہی کریں تاکہ بروقت کاروائی عمل میں لائی جا سکے اور جرائم پیشہ عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جا سکے ۔