جی سی یو کے طلبہ کیلئے مزید 2 نئی بسیں فراہم
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے طلباء و طالبات کو جدید سفری سہولیات مہیا کرنے کے لیے مزید 2 نئی بسیں موٹر ٹرانسپورٹ آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد ابرہیم کے حوالے کی گئی ہیں۔
نئی بسوں کے اضافے کے ساتھ مین کیمپس میں بسوں کی مجموعی تعداد 15 ہو گئی ، بسیں یونیورسٹی کے مین کیمپس سے نیو کیمپس کے درمیان طلباء و طالبات کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرینگی۔ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ طلباء ہمارا روشن مستقبل ہیں ان کو جدید تدریسی اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ،یونیورسٹی کے تمام کیمپسز کو جدید تدریسی اور سفری سہولیات سے آراستہ کر رہے ہیں، ملکی اور بین الااقوامی سطح پر یونیورسٹی کو ملنے والی پزیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ایک درست سمت میں رواں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چنیوٹ سب کیمپس میں بھی 3 بسیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ حافظ آباد سب کیمپس میں بھی یونیورسٹی کی طرف سے ٹرانسپورٹ مہیا کر دی گئی ہے ۔ اس موقع پر موٹر ٹرانسپورٹ آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد ابرہیم نے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں کی بدولت طلباء کو جدید سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔