جھنگ :پارا چنار کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنا جاری

جھنگ :پارا چنار کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنا جاری

جھنگ،شورکوٹ،گڑھ مہاراجہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندگان دنیا)مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم)کی جانب سے پارہ چنار میں اموات کیخلاف اور مظلومین سے اظہار یکجہتی کیلئے ایوب چوک جھنگ میں احتجاجی دھرنا جاری ہے۔

ریلی بھی نکالی گئی جبکہ شورکوٹ اور گڑھ مہاراجہ میں بھی نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق جھنگ میں مجلس وحدت المسلمین کے ضلعی صدر روح اﷲ کاظمی کی زیر قیادت احتجاج و دھرنا جاری ہے جبکہ نائب صدر شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب سید مسعود الحسن ترمذی کی قیادت میں تانگہ چوک جھنگ سٹی سے ایوب چوک جھنگ صدر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ 80 دن گزر گئے پارہ چنار میں راستے بند ہیں، انسانیت کے قتل عام اور ظلم و بربریت پر حکومتی بے حسی سوالیہ نشان ہے ۔ادھر گڑھ مہاراجہ میں ممبر امن کمیٹی مولانا انور علی، مولانا غلام عباس ، مولانا حسن عرفانی ، مولانا منظر نجفی، مولانا ظفر عباس ، مرکزی رہنما تحریک حقوقِ جھنگ راجہ وسیم عبّاس کی زیر صدارت مسجد جعفریہ و امام بارگاہ قصر عباس گڑھ موڑ سے نکالی گئی ۔شورکوٹ  میں فقہ جعفریہ   کے زیر اہتمام دربار محبوب عالم شاہ سے تحصیل چوک تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ضیاء حسین ،مولانا منیر، عون عباس،شیخ اجمل،اسماعیل ملتانی نے کی۔ریلیوں کے  شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں