چنیوٹ میں بھی یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع چنیوٹ میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے اور شایان شان طریقے سے منایا گیا ،اس سلسلے میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میونسپل کمیٹی کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر صفی اﷲگوندل نے ا یڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طلحہ سعید،اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ اشفاق رسول،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مظفر بیگ،نمائندہ ڈی پی او ڈی ایس پی انویسٹی گیشن محمد ظفر اور دیگر افسران کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔اس موقع پر پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی،بینڈ کی دھنوں پر قومی ترانہ پڑھا گیااورملک وقوم کی ترقی و خوشحالی، امن وسلامتی، قومی یکجہتی کیلئے خصوصی دعا اور تحریک پاکستان کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے اہل وطن کو یوم پاکستان کی مبارکباددی اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ23 مارچ کا اہم اور یادگار دن تحریک پاکستان میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،یوم پاکستان ہمیں متحد ہو کر وطن کی خدمت کا درس دیتا ہے ۔دیگر افسران نے کہا کہ یوم پاکستان مناتے ہوئے ہمیں اپنے عہد کو مزیدپختہ کرنا ہے کہ وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے ۔قبل ازیں دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کی خصوصی دعاؤں سے ہوا اورشہداء کیلئے قرآن خوانی کی گئی۔ اسی طرح تعلیمی اداروں میں مختلف پروگرامز منعقد ہوئے جبکہ سیاسی،سماجی ومذہبی اور کاروباری تنظیموں نے بھی یوم پاکستان کے حوالے سے تقریبات منعقد کیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر صفی اﷲگوندل نے گورنمنٹ ہائی سکول مندر روڈمیں منعقدہ یوم پاکستان سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یوم پاکستان منانے کا مقصد نئی نسل کو تحریک پاکستان اور حصول پاکستان کے مقاصد سے آگاہی فراہم کرنا ہے ۔