انسداد ڈینگی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی:صفی اﷲ

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع میں ڈینگی کے خلاف متعلقہ محکموں کے انسدادی وحفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔۔۔
اور سرویلنس سرگرمیوں کے خاطر خواہ نتائج نہ دکھانے والے محکمے جوابدے ہونگے ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر صفی اﷲ گوندل نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈسڑکٹ انچارج برائے انسداد ڈینگی نے سرویلنس سرگرمیوں اور اینٹی ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے موافق مقامات کا بار بار سروے کریں اور ایسی جگہوں کو خشک اور صاف رکھنے کے لئے موثر اقدامات ہونے چاہیں۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اورداخلی کاؤنٹر پر مریضوں کو سلپ/پرچی کی فراہمی کا جائزہ لیا۔انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کابغور مشاہدہ اورادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہارکیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبے بھی دیکھے جبکہ وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کرکے ان سے ادویات ملنے کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتال کے انتظامی امور کو ہمہ وقت چوکس رکھاجائے ۔