چنیوٹ پولیس کے عیدا لفطر سے متعلق سکیورٹی انتظامات مکمل

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )چنیوٹ پولیس نے عیدا لفطر کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ عبداﷲاحمد نے کہا ہے کہ۔۔۔
چنیوٹ پولیس کے نماز عید کے موقع پرضلع بھر میں 1ہزار سے زائد افسر و جوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ، نماز عید کے اہم اجتماعات پر واک تھرو گیٹ نصب کئے جائیں گے ، آنے والے افراد کی جسمانی اور میٹل ڈٹیکٹر سے تلاشی لی جائے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او چنیوٹ نے مزید کہا کہ عید الفطر کے ایام میں پل دریائے چنا ب پر تین سو سے زائد پولیس افسر و جوان سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے ، ایلیٹ فورس اور ریسکیو 15 کی ٹیمیں شہر و گردو نواح میں موثر گشت کریں گی، ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں مربوط حکمت عملی سے موثر گشت کریں گے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطرکے موقع پر بازاروں،مارکیٹوں میں لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے پولیس موبائلز،فالکن سکواڈ موثر گشت کررہی ہیں،مختلف بازاروں کے اہم مقامات پر پولیس جوان تعینات کئے گئے ہیں،بازروں میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کی نفری تعینات کی گئی ہے ۔عید الفطرپر ون ویلنگ،بغیر سلنسر کے موٹر سائیکل چلانے والوں اور ہلڑ بازی کرنے والوں کی روک تھام کیلئے مختلف مقامات پر چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ دریا میں نہانے پر پابندی عائد ہے ،خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے گا۔