کمالیہ :خانہ بدوش بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم شروع

کمالیہ،جکھڑ (نمائندہ دنیا ،سٹی رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقراء ناصر نے جھو نپڑیوں میں رہنے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا۔۔۔
اس موقع پر ڈی ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر عاصم بھی ہمراہ موجود تھے ۔تفصیلات کے مطابق دیگر شہروں کی طرح کمالیہ میں بھی گزشتہ روز پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ، مہم کا آغاز اے سی اقراء ناصر نے جھونپڑیوں میں رہنے والے خانہ بدوش بچوں کو پولیو قطرے پلا کر کیا۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عاصم کے مطابق تحصیل بھر میں 340 ٹیمیں تقریباً 67 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی، پولیو مہم کی تمام ٹیمیں گھروں، سکولوں ، بس اڈوں اور دیگر فکس سنٹرز پر پولیوسے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائیں گی، پولیو مہم 21 تا 25 اپریل تک جاری رہے گی ۔ اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر نے میڈیا نمائندگان کو تفصیلات سے آگاہ کرتے کہا کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے اس کو ختم کرنے کیلئے اقدامات نہ کئے گئے تو آنے والی نسل کیلئے خطرہ ہے ۔ پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیمز کے ساتھ تعاون کیا جائے اور عمر بھر کی معذوری سے بچنے کے لیے بچوں کو قطرے ضرور پلوائیں۔