26اپریل کی ہڑتال :جماعت اسلامی کے تاجر رہنماؤں سے رابطے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ہفتہ 26اپریل کو ہونے والی ۔۔
ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے تاجر تنظیموں کے عہدیداران سے رابطے وملاقاتیں جاری ہیں۔ جماعت اسلامی کے راہنماؤں پروفیسر محبوب الزماں بٹ، راناسکندر اعظم ، میاں طاہر ایوب، شیخ افضال شاہین نے سپریم انجمن تاجران کے راہنماؤں سابق ایم این اے میاں عبدالمنان، محمد اسلم بھلی، حاجی محمدعابد، آفتاب بٹ، سلطان بٹ، شفاعت علی رانا سے ملاقات کی جبکہ جماعت اسلامی کے راہنماؤں نے انجمن تاجران کے راہنمامحمد امین بٹ اور ان کے ساتھیوں سے بھی ملاقات کی اور دونوں تاجرتنظیموں کے عہدیراران کو حافظ نعیم الرحمن کا پیغام پہنچایا۔اس موقع پرہڑتال کی کال پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے تمام تاجر تنظیموں کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ ہوا۔اس موقع پر محبوب الزماں بٹ نے کہاکہ کہ جماعت اسلامی اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے شکار اہل غزہ و فلسطین کے لیے ڈیڑھ سال سے مسلسل جدوجہد کررہی ہے ، 26اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے ذریعے پورا ملک ایک ساتھ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی،امریکہ واسرائیل سے اظہار نفرت و مذمت اور حکمرانوں کو جھنجھوڑے گا، صہیونی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی جاری ہے اور اس مہم کو مزید تیز اور منظم کیا جائے گا۔عالمی قوتوں کو پیغام دیاجائے گا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اہل غزہ سے محبت اور اسرائیل وامریکہ سے نفرت کااظہار کرتا ہے ۔