پاک فوج کی صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر :مولاناقاری شبیر

 پاک فوج کی صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر :مولاناقاری شبیر

چناب نگر(نامہ نگار )مرکز ختم نبوت جامعہ عثمانیہ چناب نگر کے بانی مولاناقاری شبیر احمد عثمانی نے کہا ہے کہ پاک فوج کی صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے ،بھارت کو جارحیت کا جواب مل رہا ہے ،مزید ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جامع مسجد نور اسلام چناب نگر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر ثابت کردیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ، ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی،ہم وطن عزیز کے تحفظ کی خاطر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،رات کے اندھیرے میں عام شہریوں پر حملہ مودی کے بزدلانہ روئیے کی عکاسی کرتا ہے ، پاکستانی عوام ہر مشکل وقت میں اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان دشمن کو فتح کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ، بھارت خطے میں آگ و خون کا کھیل کھیلنا چاہتا ہے ،مسلمان قوم شہادت سے نہیں گھبراتی، اسے اپنا مطلوب و مقصود سمجھتی ہے ،بھارت امن و شرافت کی زبان نہیں سمجھتا۔ چالاکی و عیاری اور چال بازی کے ذریعے اپنے گھناؤنے مقاصد کا حصول ہندو بنیے کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے ، مودی اس خطے کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے ۔ مولاناقاری شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ پاکستانی ایئر فورس نے بڑی جرأت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ اور دشمن کے طیاروں کو تباہ کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ،فرنٹ لائن پر سینہ تان کر دشمن کا مقابلہ کرنے والے قوم کے عظیم ہیرو ہیں ،پوری قوم کو سیاسی، مذہبی ولسانی اختلافات بالائے طاق رکھ قومی جرأت و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں