صدر چیمبر آف کامرس کا ایف بی آر میں اصلاحات کرنے پر زور

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے حکومت کو ایف بی آر میں جامع اصلاحات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے برآمد کنندگان کو متاثر کرنے والے ٹیرف سٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے قابل عمل تجاویز بھی پیش کی ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال سے ہونیوالی ملاقات میں ریحان نسیم بھراڑہ نے معاشی ترقی کیلئے وزارت تجارت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بزنس کمیونٹی نئے تجارتی مواقعوں کی نشاندہی، معاشی اہداف کے حصول کیلئے وفاقی وزارت تجارت سے رابطوں کو مستحکم بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ وفاقی وزیر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس کی گولڈن جوبلی تقریبا ت کے سلسلہ میں خصوصی گفٹ بھی پیش کئے ۔ ریحان نسیم بھراڑہ نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر تجارت جام کمال کی زیر قیادت معاشی ترقی کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان اقدامات سے دیر پا معاشی ترقی کی راہوں کو کھولا جا سکے گا۔ انہوں نے جام کمال کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ چیمبرز اور کاروباری تنظیموں کی مشاورت سے مشترکہ قومی مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی ۔صدر چیمبر آف کامرس نے مطالبہ کیا کہ برآمدات سے منسلک تجارتی تنظیموں کو پالیسی ساز اداروں میں مستقل نمائندگی دی جائے تاکہ زمینی حقائق پر مبنی جامع قومی تجارتی حکمت عملی وضع کی جا سکے تاکہ برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کو جلد از جلد حاصل کیا جا سکے ۔