NCHDاور این ایف سی انسٹیٹیوٹ میں ایم او یو پر دستخط

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان میں تعلیمی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر شروع کیے گئے \"ایچ ون ٹیچ ون\"(Each One Teach One - EOTO)اقدام 2024 کے تحت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD)اسلام آباد اور این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ فرٹیلائزر ریسرچ فیصل آباد میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔۔
اس حوالے سے تقریب این ایف سی انسٹیٹیوٹ فیصل آباد میں ہوئی جہاں ادارے کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نجف اعوان اور این سی ایچ ڈی کے ڈائریکٹر جنرل علی اصغر نے اس شراکت داری کو رسمی شکل دی۔معاہدہ کے تحت دونوں ادارے باہمی تعاون سے ایسے منصوبے ترتیب دیں گے جو تعلیمی بہتری، سماجی بااختیاری اور معاشی ترقی کے فروغ میں معاون ہونگے ۔ اس ایم او یو میں پاکستان بھر میں انسانی ترقی کے اشاریوں کو بہتر بنانے اور نچلی سطح پر تعلیمی اقدامات کے ذریعے مثبت تبدیلی لانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں اداروں کے نمائندگان نے موجودہ تعلیمی بحران سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی وسائل اور مہارتوں کو یکجا کرنے کی حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ سب کے لیے جامع اور معیاری تعلیمی مواقع کو یقینی بنایا جا سکے ۔