حادثات کا تدارک :اسسٹنٹ کمشنرکمالیہ کی زیر صدارت اجلاس
کمالیہ،جکھڑ (نمائندہ دنیا،سٹی رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنرکمالیہ اقرا ءناصر کی زیر صدارت ٹریفک حادثات کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی علی رضا،انچارج ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹرز نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اقراءناصر نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اوور لوڈنگ سمیت گاڑیوں کی چھتوں پر اضافی سواریاں بٹھانے پر مکمل پابندی عائد ہے ، خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں حد رفتار کو یقینی بنایا جائے اور ایسے ٹرانسپورٹرز جو اوور لوڈنگ یا چھتوں پرسواریاں بٹھانے میں ملوث ہوں ان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرایا جائے ۔دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر اقراءناصر اور چیف آفیسر علی رضا کی ہدایت پر انفورسمنٹ انسپکٹر نے بغیر نقشہ تعمیر کی جانے والے دکانیں سیل کر دیں۔اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تعمیرات سے قبل شہری میونسپل کمیٹی سے نقشہ منظور کروائیں بصورت دیگر شہر بھر میں میونسپل کمیٹی کی حدود میں واقع تمام غیر قانونی تعمیرات کو سیل کر دیا جائے گا اور مالکان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی بھی کی جائےگی۔