چنیوٹ:فوڈ سیفٹی ٹیموں کا ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن جاری
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کا ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے بتایا کہ لیکٹو سکین مشین سے دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے متعدد ملک شاپس اور ملک کولیکشن سنٹرز پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چھاپے مارے اور20 لٹرملاوٹی دودھ برآمد کرکے ضائع کردیا۔علاوہ ازیں دودھ کی ناقص کوالٹی پر 42ہزارروپے کے جرمانے بھی عائدکئے ۔انہوں نے بتایا کہ صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات اور حشرات کی غلاظت کی وجہ سے کریانہ سٹور سیل کردیا جبکہ پینے کے پانی کی کوالٹی جانچنے کیلئے کمرشل واٹر پلانٹس اور میونسپل کارپوریشن کے واٹر پلانٹس کی سیمپلنگ مہم بھی جاری ہے اس ضمن میں ٹیموں نے 10 واٹر پلانٹس سے پانی کے نمونہ جات لے کر تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوادیئے ۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 162 انسپکشنز کر کے مجموعی طور پر قوانین کی خلاف ورزی پر 90 ہزار 500 روپے کے جرمانے کئے ،10 کلو مصنوعی طور پرپکائے گئے آم ضائع،دوران معائنہ 2 کلو سے زائد ایکسپائرڈ مصنوعات، 10 لٹرغیر معیاری بیوریجز بھی ضائع کردی گئیں۔