جی سی یو آرکیٹیکچر ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ کا انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

جی سی یو آرکیٹیکچر ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ کا انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے آرکیٹیکچر ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ نے اپنی ڈگری کے الحاق نہ ہونے پر کیمپس کے باہر احتجاج کیا۔۔۔

 طلباء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے اور یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔احتجاج کرنے والے طلباء کا کہنا تھا کہ وہ 2021ء میں اس یقین دہانی پر داخل ہوئے تھے کہ ان کا تعلیمی پروگرام پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹس اینڈ ٹاؤن پلانرز سے منظور شدہ ہے ، مگر تیسرے سیمسٹر میں انکشاف ہوا کہ پروگرام تاحال غیر الحاق شدہ ہے ۔ طلباء کے مطابق 2022ء میں اس وقت کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر امین کو بارہا والدین اور اساتذہ کے ذریعے معاملے سے آگاہ کیا گیا مگر کوئی پیش رفت نہ ہوئی۔ سنہ 2024ء میں نئے وائس چانسلر ڈاکٹر رؤفِ اعظم کی تعیناتی کے بعد بھی مسئلہ حل نہیں کیا جا سکا اب جبکہ طلباء اپنے دوسرے سال میں داخل ہو چکے ہیں تو اس حوالے سے تاحال کوئی واضح لائحہ عمل دیا گیا اور نہ ہی الحاق کیلئے کوئی پیش رفت سامنے آئی ۔ طلباء کا کہنا تھا کہ اگر الحاق نہ ہوا تو ان کی ڈگری کی قانونی اور پیشہ ورانہ حیثیت مشکوک ہو جائے گی اورتعلیمی مستقبل بلکہ کیریئر بھی دائو پر لگ جائے گا۔ احتجاج کرنے والے طلباء نے مؤقف اپنایا کہ یونیورسٹی کی مسلسل غفلت کے سبب 100 سے زائد طلباء کا وقت، پیسہ اور محنت ضائع ہو رہی ہے ، حکومت پنجاب اور خصوصاً وزیر تعلیم معاملے کا فوری نوٹس لیں ۔ ترجمان جی سی یونیورسٹی کے مطابق طلبہ اور ان کے والدین کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، مطالبات ماننے کی یقین دہانی پر طلباء نے احتجاج ختم کردیا، یونیورسٹی طلباء کے مستقبل کا تحفظ کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں