مون سون کے دوران نکاسی آب کیلئے انتظامات مکمل :ایم ڈی واسا

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کی تیز تر سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔۔۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت کم وقت میں مین روڈز، چوراہے اور سڑکیں بارشی پانی سے کلیئر کردی جائیں گی۔ شہر کے مختلف مقامات پر قائم مون سون ریلیف کیمپس کا جائزہ لینے کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق واسا فیصل آباد کے آپریشنز افسران و سٹاف کو متحرک رکھنا ہے اور شہریوں کو پانی کے اخراج کی بہترین سہولیات دینے کیلئے 4 نئے ڈی واٹرنگ سیٹس منگوا لئے گئے ہیں جبکہ مزید ڈی واٹرنگ سیٹ بھی آئندہ کچھ دنوں میں فیصل آباد پہنچ جائیں گی۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ بارشی پانی کی جلد سے جلد اخراج کے لئے شہر میں تین سٹوریج ٹینک بنائے گئے ہیں جن میں اقبال سٹیڈیم کا سٹوریج ٹینک مکمل کرکے آپریشنل کردیا گیا جبکہ ٹاٹا بازار اور ڈجکوٹ روڈ کے سٹوریج ٹینک مون سون سے قبل آپریشنل کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر بھر میں 19 مقامات پر مون سون ریلیف کیمپس لگادیئے گئے ہیں ۔