چناب نگر میں انتظامیہ کی غفلت ، غیر قانونی رکشہ سٹینڈ قائم

چناب نگر(نامہ نگار )چناب نگر میں انتظامیہ کی غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے چوکوں اور چوراہوں میں غیر قانونی رکشہ سٹینڈ قائم،راہگیر پریشان، تاجروں سے رکشہ ڈرائیوروں کا لڑائی جھگڑا معمول۔
تفصیلات کے مطابق چناب نگر انتظامیہ کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے شہر کے اہم بارونق چوکوں اور بازاروں میں غیر قانونی رکشہ سٹینڈز قائم کئے جا چکے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف تاجروں کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں بلکہ حادثات کی شرح میں اضافہ اور لڑائی جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔رکشہ ڈرائیوروں نے قبضہ مافیاء کاروپ دھار رکھا ہے ،اگر کوئی تاجر کسی رکشہ ڈرائیور کو منع کرتا ہے تو وہ الٹا سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیتے ہیں،سڑکو ں پر رکشے کھڑے کرنے کی وجہ سے ٹریفک بلاک ہونے کے ساتھ راہگیروں کا پیدل چلنا تک محال ہو جاتا ہے ،خصوصا طالبات اور خواتین کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ان غیر قانونی رکشہ سٹینڈز کے حوالے سے تاجروں کے وفود بارہا مقامی انتظامی افسران کو آگاہی دے چکے مگر ابتک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔