جلوسوں،مجالس کے سکیورٹی انتظامات بھی مکمل:ڈی پی او چنیوٹ

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈی پی او چنیوٹ عبداﷲاحمدنے کہا کہ ضلع چنیوٹ میں آج 10محرم الحرام کے جلوسوں،مجالس کے سکیورٹی انتظامات بھی مکمل ہیں ،تمام وسائل بروئے کار لاکر مجالس،جلوسوں پر فور لیئر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔۔۔۔
عزاداروں کے تحفظ کوہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔ڈی پی او چنیوٹ نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 10محرم الحرام کوضلع چنیوٹ میں 92جلوس،61مجالس کا انعقاد ہوگا۔جن میں سے 14جلوس کیٹیگری اے ،20جلوس کیٹیگری بی،58جلوس کیٹیگری سی کے ہونگے ۔6مجالس کیٹیگری اے ،20مجالس کیٹیگری بی،35مجالس کیٹیگری سی کی ہونگی۔تمام مجالس، جلوسوں،تعزیہ جلوسوں پر 15سو سے زائد پولیس افسران و ملازمان سکیورٹی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔تعزیہ جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے میدان ترکھاناں میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ۔ مجالس،جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں،ویڈیو ریکارڈنگ،سرویلنس وہیکلز،سمارٹ سٹی چنیوٹ، ڈی سی دفتر میں قائم کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ حساس علاقوں میں ایلیٹ فورس، فالکن سکواڈ کی ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی۔جلوسوں سے ملحقہ راستوں کو خاردار تاروں سے بند رکھا جائے گااور عام پبلک کیلئے متبادل راستوں کا انتظام کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے پیش نظر ضلع بھر میں دفعہ 144نافذ ہے ۔مجالس، جلوسوں اور دیگر مذہبی تقریبات کے علاوہ جلسے ،جلوسوں، اجتماعات پر پابندی عائد ہے ،جلوسوں کے راستوں،دکانوں وغیرہ،ملحقہ چھتوں پر کھڑے ہوکر جلوس دیکھنے پر پابندی عائد ہے ،خلاف ورزی پرسخت قانونی کارروائی عمل میں لائے جائے گی۔ ڈی پی او نے کہا کہ مجالس، جلوسوں میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا،کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریزرو نفری،اینٹی رائٹ سے لیس نفری الرٹ رہے گی، شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔