جھنگ :یوم عاشور پر 249 جلوس برآمد ، سخت سکیورٹی اقدامات

جھنگ :یوم عاشور پر 249 جلوس برآمد ، سخت سکیورٹی اقدامات

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )یوم عاشور کے سلسلہ میں ضلع بھر سے علم ،تعزیہ اور ذوالجناح کے 249ماتمی جلوس برآمد ہوئے جو روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منازل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔۔۔

 جبکہ دن اور رات کے اوقات میں164مجالس عزاء منعقد ہوئیں، یوم عاشور علم،ذوالجناح، تعزیہ کا مرکزی و حساس جلوس بعد از مجلس امام بارگاہ حسینیہ دربار گوہر شاہ سے برآمد ہوا، ہزاروں عزاء داران راستے میں ماتم،زنجیر زنی اور نوحہ خوانی کرتے رہے ۔ امام بارگاہ حسینیہ دربار گوہر شاہ سے صبح کے وقت برآمد ہونے والا مرکزی جلوس روایتی راستوں سیشن چوک،فوارہ چوک،ریل بازار ،کٹڑہ بیر والا اور دھجی روڈ سے ہوتا ہوا محلہ دبکراں پہنچا جہاں سے زیارت تعزیہ جلوس میں شامل ہوئی اسی طرح شیخ لاہوری،پنڈی محلہ ،سنی تعزیہ سمیت چھ تعزیے مقررہ وقت پر مرکزی مقام کربلا بلاق شاہ پہنچ کر اختتام پذیرہوگیا جبکہ علم کا حساس ماتمی جلوس امام بارگاہ عباس پورہ ٹوبہ روڈ سے برآمد ہوکر نئی عید گاہ روڈ سے ہوتا ہوا بھکر روڈ عبور کر کے امام بارگاہ قصر زہراء پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کئے گئے ۔ ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ بلال افتخار کیانی اور ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی قیادت میں پولیس، رینجرز، پاک آرمی، ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، ریسکیو ادارے اور دیگر محکمے پوری طرح الرٹ رہے ۔ سکیورٹی کیلئے 3000سے زائد پولیس اہلکار فرائض انجام دیتے رہے ۔ جلوس اور مجالس اپنے مقررہ وقت پر بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوگئیں، شہریوں نے بھی انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں