ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ میں سرجیکل ٹاور کا افتتاح
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چنیوٹ میں سٹیٹ آف دی آرٹ 60 بیڈز پر مشتمل سرجیکل ٹاور کا افتتاح کر دیا گیا۔۔۔
ڈپٹی کمشنر صفی اﷲگوندل نے ارکان صوبائی اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ اور مولانا محمد الیاس چنیوٹی کے ہمراہ سرجیکل ٹاور کا افتتاح کیا،اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر افسران موجودتھے ۔افتتاح کے بعد سرجیکل ٹاور کوفعال کر دیا گیا جس کے بعد اب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں بیڈز کی تعداد 200 ہوگئی۔نئے بلاک کی ایئر کنڈیشنڈ پرشکوہ عمارت میں اعلیٰ معیار کا پینٹ ورک،بہترین صفائی،واش رومز کی سہولیات دستیاب ہیں جبکہ اس کے گراؤنڈ فلور پر اوپی ڈی سروسز فراہم کی جائیں گی۔سروسز میں سرجیکل اوپی ڈی،فلٹر کلینک،گائنی او پی ڈی،آرتھوپیڈک اوپی ڈی،کارڈیالوجی اوپی ڈی،ویل ویمن کلینک،میڈیسن اوپی ڈی، ایکو/ای سی جی جبکہ فرسٹ فلور پر دو گائنی وارڈز،لیبر روم اور گائنی آپریشن تھیٹر قائم کئے گئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر اور ارکان اسمبلی نے سرجیکل ٹاور کے مختلف شعبے دیکھے اور کہا کہ 60 بیڈز کے اضافہ سے مریضوں کو علاج معالجہ کی مزید معیاری طبی سہولیات ملیں گی،ڈی ایچ کیو ہسپتال پر مریضوں کے بوجھ میں نہ صرف کمی آئے گی بلکہ معیاری علاج ممکن ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ جھمرہ روڈ پر125 بیڈز پر مشتمل نیا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بھی تکمیل کے مراحل میں ہے ۔دوسری طرف اہلیان چنیوٹ نے 60 بیڈز کے اضافہ کو تحفہ قرار دیا اور کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ایک اور وعدہ مکمل کردیا۔