ضلع ٹوبہ میں بھی یوم عاشور عقیدت واحترام سے منایا گیا
ٹو بہ ٹیک سنگھ ،کمالیہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ خصوصی)ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی یوم عاشور کڑے حفاظتی انتظامات میں عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔۔۔
اس موقع پر مجموعی طور پر 78ماتمی جلوس نکالے گئے جبکہ مختلف امام بارگاہوں میں 13مجالس عزاء منعقد ہو ئیں ،ضلعی پو لیس کی طرف سے جلوسوں کی گذر گاہوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر پو لیس کے مسلح جوان حفاظتی ڈیوٹی پر مامور کئے گئے تھے ۔پولیس ،خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار ،سول ڈیفنس،تنظیم شہری دفاع و پولیس قومی رضاکاراور امامیہ سکاؤٹس نے جلوسوں کے داخلی راستوں پر 4مختلف مقامات پر حساس آلہ جات کے ذریعے شرکاء جلوس کی جامہ تلاشی لیکر داخلے کی اجازت دی جبکہ امن کمیٹیوں کے ارکان بھی امن عامہ برقرار رکھنے کے سلسلہ میں معاونت کیلئے سر کاری انتظامیہ کے ہمراہ جلوسوں کے ساتھ رہے ،اس موقع پر ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کے حفاظتی انتظامات کی نگرانی ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو اور ڈی پی او عبادت نثار نے کی اور سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے کمالیہ میں مرکزی جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں، فلیش پوائنٹس، داخلی و خارجی راستوں اور کنٹرول رومز کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔تمام تحصیلوں میں قائم کنٹرول رومز سے جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جاتی رہی جبکہ موقع پر موجود متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔جلوسوں کے شرکاء کو سہولیات کی فراہمی کیلئے فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویلز، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت کی ٹیمیں ہمہ وقت متحرک رہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا کہ تمام اداروں نے ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور سہولیات کی فراہمی ضلعی حکومت کی اولین ترجیح رہی۔