ٹوبہ :سرکاری محکموں نے انفارمیشن ایکٹ ہوا میں اڑا دیا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹر کٹ رپورٹر )پنجاب حکومت کے واضح احکامات کے باوجود ضلع بھر کے سرکاری محکموں نے معلومات عامہ کا قانون ہوا میں اڑا دیا۔
تفصیلات کے مطابق صو بائی حکومت کی طرف سے پنجاب انفارمیشن کمیشن کی طرف سے پنجاب ٹرانسپرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013ءکا نفاذ عمل میں لایا گیا تھا اور مذکورہ ایکٹ کے مطابق تمام سر کاری محکموں میں پبلک انفارمیشن آفیسرز مقرر کر کے عوام کو معلومات کی فراہمی کا پابند بنایا گیا تھا ،اس ایکٹ کے تحت ہر شہری علاقہ میں جاری ترقیاتی سکیموں کی لاگت ،فنڈز کے اجراء،میٹریل کی تفصیل اور دیگر تمام محکمانہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہے تاکہ ترقیاتی منصو بوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے ، مذکورہ ایکٹ کے مطابق معلومات کے حصول کے خواہشمند شہری سادہ کاغذ پر درکار معلومات کی تفصیل نام اور پتہ کے ساتھ لکھ کر انفارمیشن آفیسر کو جمع کروائے تو متعلقہ محکمہ 14روز میں مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کا پابند ہے تاہم حکومت پنجاب کی ہدایت اور بھر پور تشہیری مہم کے باوجود طویل عرصہ گذر نے کے بعد بھی ضلع ٹو بہ ٹیک سنگھ کے کسی بھی سرکاری محکمہ میں تاحال پبلک انفارمیشن آفیسر مقرر نہیں کئے جاسکے جبکہ سرکاری افسران نے مذکورہ قانون کو ہوا میں اڑاتے ہوئے معلومات حاصل کر نے والے شہریوں سے توہین آمیز سلوک کو معمول بنا رکھا ہے ۔شہر کے عوامی حلقوں نے پنجاب انفارمیشن کمیشن سمیت دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر کے سرکاری محکموں میں پبلک انفار میشن آفیسرز کا تقرر عمل میں لایا جائے اور تمام افسران کو معلومات کی فراہمی کا پابند بنایا جائے ،نیز قانون پر عملدر آمد نہ کر نے والے افسران کا سختی سے محاسبہ بھی کیا جائے ۔