ڈائریکٹر لائیو سٹاک کا ویٹرنری اداروں،مویشی منڈیوں کا معائنہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر کی جانب سے ڈویژن بھر کے مختلف ویٹرنری ہسپتالوں اور مویشی منڈیوں کے دورے جاری ہیں ۔
اس سلسلے میں انہوں نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف ویٹرنری اداروں اور مویشی منڈیوں کا معائنہ کیا۔ ان کے دورے کا مقصد فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ لینا، جاری منصوبہ جات کی پیش رفت کا مشاہدہ کرنا اور عملے کو بہتری کے لئے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔دورہ کے دوران انہوں نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل میں واقع سول ویٹرنری ڈسپنسری328 گ ب اور 696/38 گ ب جبکہ تحصیل گوجرہ کی مویشی منڈی کا دورہ کیا۔ انہوں نے حاضری رجسٹر،او پی ڈی، صفائی کی صورتحال، کسان لائیوسٹاک بیٹھک ریکارڈ، ویکسین، سیرا کا ریکارڈ، دوائیوں کا ذخیرہ، مجوزہ دورہ جات، روزنامچہ، پرچی فیس رجسٹر، شجر کاری اور مصنوعی تولید سے متعلق ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت دی کہ وزیر اعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ سکیمPLC فیز II کے تحت لائیوسٹاک فارمرز کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جائے ۔انہوں نے ویکسینیشن کی بروقت تکمیل، کولڈ چین کے مو ثر انتظام، فارمرز میں منہ کھر اور کانگو بخار کی روک تھام، برسات کے دنوں میں جانوروں کی دیکھ بھال اور بیماریوں سے بچاؤ بارے آگاہی پیدا کرنے ، ADRS فارمر ایپ کے استعمال کی ترغیب دینے اور SPMS 9211 سسٹم پر ڈیٹا کی بروقت اپلوڈنگ کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔