جھنگ :ڈپٹی کمشنر کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنرجھنگ علی اکبر بھنڈر نے شہریوں کو فراہم صحت کی سہولیات کے جائزہ کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیااور۔۔۔
زیر علاج مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی سمیت ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرکے محکمانہ سروسز اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں میں جا کر انسداد ڈینگی ٹیموں کی جاری ان ڈور،آؤٹ ڈور سرویلنس کا بھی تفصیلی جائزہ لیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنرجھنگ علی اکبر بھنڈر نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے وہاں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ادویات کی فراہمی اور طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔انہوں نے ڈاکٹرز وسٹاف سے ملاقات کرکے علاج معالجے ،طبی سہولیات اور ہیلتھ سروسز میں مزید بہتری کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے ۔ڈپٹی کمشنر علی بھنڈر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت میں مریضوں کو فراہم ہیلتھ سروسز مزید بہتر اور مثالی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔ دوسری طرف ڈپٹی کمشنرجھنگ کو محکمہ صحت کے افسران نے انسداد ڈینگی کے حوالہ سے کئے گئے تمام ضروری اقدامات بارے بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کیں کہ حالیہ سیزن میں ڈینگی لاروا کا خطرہ لاحق ہے لہٰذا سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے ،مانیٹرنگ اور انسدادی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں ، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔