ایف ڈی اے: 8ارب 91کروڑ کی ابتدائی بجٹ تجاویز منظور
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ایف ڈی اے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے غور وخوض کے بعد ایف ڈی اے کے مالی سال 2025-26 کیلئے 8 ارب 91 کروڑ 82 لاکھ روپے کے تخمینہ جات پر مشتمل بجٹ تجاویز کی ابتدائی منظوری دیدی۔۔۔
حتمی منظوری گورننگ باڈی کے اجلاس میں دی جائیگی۔ یہ منظوری فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے دوران دی گئی جو ڈائریکٹر جنرل ایف ڈ ی اے محمدآصف چودھری کی زیر صدارت ایف ڈی اے کمپلیکس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے اجلاس کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے رواں مالی سال کی بجٹ تجاویز کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ ادارہ کے مالی استحکام اور انتظامی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لئے یہ تجاویز بھرپور جانچ و توجہ اور عرق ریزی سے مرتب کی گئی ہیں تاکہ اس بجٹ کے ذریعے مختلف اخراجات میں کمی اور آمدن میں اضافہ کرکے جدید و منظم انداز میں انتظامی، تعمیری اور ترقیاتی اقدامات کو یقینی بنایاجا سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام /ایڈیشنل سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت چھ ارب 36 کروڑ 22 لاکھ روپے کی تجاویز رکھی گئی ہیں ، تنخواہوں میں اضافہ کے باوجود غیر ترقیاتی اخراجات 5 کروڑ 60 لاکھ روپے کم کرنے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریونیو ٹارگٹ میں 6 کروڑ روپے اضافہ کے علاوہ ہاؤسنگ سکیموں میں عمارات کے نقشہ جات کی منظوری کی مدد میں 1 کروڑ روپے کی متوقع آمدن بھی تجاویز میں شامل ہے ۔