ہسپتالوں گارڈز کی جانب سے جھگڑوں میں اضافہ ہونے لگا

ہسپتالوں گارڈز کی جانب سے جھگڑوں میں اضافہ ہونے لگا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سرکاری ہسپتالوں میں نجی سکیورٹی گارڈز کی جانب سے رشوت ستانی اور شہریوں کے ساتھ جھگڑوں میں اضافہ ہونے لگا۔ ایف آئی سی میں خاتون سکیورٹی گارڈ کی رشوت لینے ، چلڈرن ہسپتال میں 2سکیورٹی گارڈز کی تیمار دار پر تشدد کی ویڈیوز سامنے آگئیں۔

فیصل آباد کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں تعینات نجی سکیورٹی کمپنیوں کے سکیورٹی گارڈز کے غیر پیشہ ورانہ روئیے نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ رواں ہفتے کے دوران فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں خاتون سکیورٹی گارڈ کی جانب سے مبینہ طور پر ایک تیماردار شخص سے رشوت لینے کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ مریض سے ملنے کیلئے پیسے لیتے ہوئے دکھائی دیتی ہے ۔ دوسری جانب چلڈرن ہسپتال فیصل آباد میں2سکیورٹی گارڈز کی جانب سے ایک مرد تیماردار پر تشدد کی ویڈیو بھی منظر عام پر آچکی ہے ، جس میں گارڈز کو مریض کے لواحقین سے بدتمیزی اور ہاتھا پائی کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق دونوں واقعات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہری حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے اور سکیورٹی کمپنیوں کے نظام پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں نجی سکیورٹی کے نظام کو از سر نو جانچا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں