کوئی مین ہول بغیر ڈھکن نہیں رہنا چاہیے :ڈی سی چنیوٹ
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اﷲگوندل کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت کی کہ موجودہ مون سون سیزن میں ممکنہ شدید بارشوں کے دوران ایڈمنسٹریٹرز،چیف آفیسرز،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران وٹیمیں فیلڈ میں نظر آنی چاہئیں، ضلع بھر کا کوئی مین ہول بغیر کور(ڈھکن)کے نہیں رہنا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ بارش رکنے کے فوری بعدنشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی تیز رفتار نکاسی کیلئے اقدامات ہونے چاہئیں،اس ضمن میں اضافی مشینری بھی متعین رکھیں اور سڑکوں سے پانی کی نکاسی کے بعد تصاویری ثبوت فراہم کئے جائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ویسٹ ورکرز کو بارشی پانی کے نکاس کے دوران مین ہولز کے کور ذمہ داری سے واپس رکھنے کا پابند بنائیں ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرزکو ذمہ داریاں تفویض کریں کہ وہ مین ہولز وڈرینز کے کور(ڈھکن)موجود یا موجود نہ ہونے کی رپورٹس دیں اورفوری طور پر متعلقہ میونسپل کمیٹی کو آگاہ کریں۔میونسپل کمیٹیز اور لوکل گورنمنٹ کے افسران بھی اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں۔ڈپٹی کمشنر نے ڈیوٹی میں غیر سنجیدگی پر چیف آفیسر بھوآنہ کی سرزنش کی اور کہا ضلع میں کام نہ کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں۔