ٹوبہ:فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، ساڑھے 5من ملاوٹی دودھ برآمد
ٹو بہ ٹےک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر شہریوں کو خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز یاسر مشتاق کی زیر نگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے علی الصبح شہر بھر میں ناکہ بندیاں کیں۔۔۔
کارروائی کے دوران 22 دودھ بردار گاڑیوں کو چیک کیا گیا، جن میں سے 8 گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے اور مجموعی طور پر 5 ہزار 700 لٹر دودھ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جبکہ ساڑھے 5من( 220 لٹر) دودھ ناقص ہونے پر موقع پر ہی تلف کر دیا گیا،فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے جدید ترین لیکٹوسکین ٹیکنالوجی کے ذریعے دودھ کے سیمپل موقع پر ٹیسٹ کئے،جن کے نتائج کے مطابق بعض سیمپل ناقص پائے گئے جن میں پانی کی ملاوٹ اور قدرتی غذائیت کی کمی کی نشاندہی ہوئی، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے دودھ کو ضائع کر دیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز یاسر مشتاق کے مطابق معیاری دودھ کی فراہمی کیلئے شہر میں روزانہ کی بنیاد پر ناکہ بندیاں کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو صحت مند اور محفوظ خوراک مہیا کی جا سکے۔ انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کا مفت تجزیہ کروانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دفتر سے رجوع کریں۔