ملکی استحکام کیلئے قیام پاکستان والے جذبے کی ضرورت :پیر آصف
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)اظہارممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضاقادری نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان کیلئے علماءومشائخ صف اول میں شامل ہو کر عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔۔۔
استحکام پاکستان کیلئے قیام پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے ،اسلام کے سنہری اصولوں پر چل کر ہی ملک دشمن قوتوں کو شکست دی جاسکتی ہے ، ملک میں قانون کی عملداری سے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں، ملک میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، انصاف کا اسلامی نظام ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتحاد اہلسنت کے زیر اہتمام جامع مسجد موتی شریف پور ہ میں استحکام پاکستان علماءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا محمد عدنان سیالوی،قاری غلام فرید فریدی، قاری ظفرحیات، قاری محمدسلیم، محمد جاوید قاری، عبدالغفور، محمدزین، محمدوقاص، محمد خضر حیات و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے مزید کہا کہ عوام قانون کو ہاتھ میں لینے کے بجائے قانون سے مدد لینے کو ترجیح دیں، علمائے کرام نوجوانوں کی مذہبی، اخلاقی اور سماجی تربیت کیلئے عملی کو ششیں کریں، پاکستان کا آئین و قانون ہر شہری کو مکمل حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے ، اسلام کے دشمن پاکستان کو سیکولر ازم کی طرف جھونکنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، قومی اتحاد و یکجہتی سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔