فیصل آباد :نشئیوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ

 فیصل آباد :نشئیوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر )انسدادی اقدامات اور بحالی مرکز موجود نہ ہونے کی وجہ سے فیصل آباد میں نشے کے عادی افراد کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا منشیات کے عادی افراد نے سڑکوں خالی پلاٹس اور گرین بیلٹ میں ڈیرے ڈال لئے۔

 تفصیلات کے مطابق منشیات کے عادی افراد کی بڑھتی تعداد کو دیکھیں تو یہی معلوم ہوتا ہے کہ فیصل آباد بھی کراچی بن چکا ،فیصل آباد کی سڑکیں خصوصا جڑانوالہ روڈ گرین بیلٹ پر درجنوں منشیات کے عادی افراد نشہ آور انجکشن، ہیروئن اور آئس کا سرعام استعمال کرتے نظر آتے ہیں ،دیگر شاہراہوں کی بھی یہی صورتحال ہے ۔ منشیات کی آسان دسترس اور تدارک سے متعلق اقدامات نہ ہونے کے باعث منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں ہر آنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے ،یہ منشیات کے عادی افراد سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچاتے ہیں، سڑک کنارے لگے تار، جنگلے ،مین ہولز کے ڈھکن اور خالی پلاٹس میں یا گھروں کے باہر موجود دھاتی اشیاء ان کے آسان ہدف ہیں جن کو چوری کرکے یہ اپنا نشہ پورا کرتے ہیں۔دوسری طرف منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے انسداد منشیات بحالی سنٹر کا قیام خواب بن کر رہ گیا ، ان افراد کو اگر بحالی مرکز میں منتقل کرکے علاج معالجہ کیا جائے تو ممکن ہے یہ بھی معاشرے کا دوبارہ کارآمد شہری بن سکیں ۔شہریوں کے مطابق پنجاب حکومت اگر توجہ دے تو ترقیاتی منصوبوں میں بحالی سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جاسکتاہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں