چھٹی پر بیرونِ ملک جانیوالے ملازمین کیلئے طریقہ تبدیل
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ایکس پاکستان چھٹی پر بیرونِ ملک جانے کے خواہش مند سرکاری ملازمین کیلئے موجود طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی۔
تمام انتظامی محکموں پر ایکس پاکستان لیو کی درخواستیں روانگی سے کم از کم ایک ماہ قبل منظوری کے لیے پیش کرنے کی پابندی عائد کردی گئی۔اس سے قبل افسر اپنے بیرونِ ملک دوروں سے چند روز پہلے ایکس پاکستان لیو کی درخواستیں ارسال کرتے تھے ، جس سے منظوری کے عمل میں تاخیر اور بعض اوقات انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوتی تھیں۔ جس کو مد نظر رکھتے ہوئے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے تازہ نوٹی فکیشن میں اس عمل کو باضابطہ اور منصوبہ بندی کے تحت لانے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ متعلقہ حکام کو وقت پر جانچ پڑتال اور منظوری کا موقع میسر آئے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اب تمام افسروں کو روانگی سے کم از کم ایک ماہ قبل متعلقہ محکمے کے توسط سے درخواست پیش کرنا ہوگی۔ مزید برآں سرکاری سطح پر اس امر کو بھی لازم قرار دیا گیا ہے کہ چھٹی کی منظوری کے بعد ہی افسر اپنے بیرونِ ملک سفر کا حتمی شیڈول ترتیب دیں گے ۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے پیچھے مقصد یہ ہے کہ غیر مجاز اور عجلت میں کی گئی سفری سرگرمیوں کو روکا جا سکے اور سرکاری مشینری کو بہتر انداز میں منظم رکھا جا سکے ۔ محکمہ نے ہدایت کی ہے کہ مذکورہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے خلاف وزری کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔