چناب نگر: جھولتے تار اور ٹیڑھے کھمبے شہریوں کیلئے خطرہ
چناب نگر (نامہ نگار ) شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی جھو لتے تار اور ٹیڑھے کھمبے شہریوں کیلئے مستقل خطرہ بن چکے ہیں، تاہم واپڈا حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا، صرف رجسٹر پر دستخط لے کر فائلیں بند کر دی گئیں۔ بارش کے دوران تاروں میں کرنٹ آ جانے سے راہگیروں اور موٹر سائیکل سواروں کو شدید خطرہ لاحق رہتا ہے ۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کئی کھمبے اس قدر جھک چکے ہیں کہ کسی بھی وقت گر سکتے ہیں۔ رات کے وقت تاروں سے چنگاریاں نکلتی ہیں اور بارش میں نیند بھی حرام ہو جاتی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واپڈا اور انتظامیہ فوری نوٹس لے اور شہر بھر میں بجلی کی خستہ حال لائنوں اور کھمبوں کی مرمت یا تبدیلی کا عمل شروع کیا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔