مصالحہ جات اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ، عوام پریشان
چناب نگر (نامہ نگار)مصالحہ جات اور سبزیوں کی قیمتوں میں دو سے تین گنا اضافہ نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ چناب نگر اور گردونواح میں سبز مصالحہ جات اور موسمی سبزیوں کی قیمتیں مقررہ نرخناموں سے کئی گنا زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔
جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث گراں فروشوں کے حوصلے بلند ہیں۔شہریوں کے مطابق لہسن، لیموں، سبز مرچ، ہرا دھنیا، پودینہ اور دیگر سبزیوں کی قیمتیں عام خریدار کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔ چھابڑی فروش اور دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اور مختلف حیلے بہانوں سے زائد منافع کما رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے شکایت کی کہ مہنگائی پہلے ہی جینا دوبھر کر چکی ہے اور اب ریٹ لسٹ سے زائد نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت نے حالات مزید سنگین بنا دئیے ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔