پاک فوج دشمن کی سازشوں کا جواب دے رہی:ڈاکٹر ذوالفقار

 پاک فوج دشمن کی سازشوں کا جواب دے رہی:ڈاکٹر ذوالفقار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو علم، جدت، ہم آہنگی اور خدمت کے ذریعے خوشحالی و ترقی کی علامت بنانا ہوگا۔

وہ یونیورسٹی میں جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریبات کا آغاز جامع مسجد میں ملکی سلامتی و ترقی کے لیے دعا سے ہوا۔ اقبال آڈیٹوریم میں پرچم کشائی، ملی نغمے اور تقریری مقابلے منعقد ہوئے ۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یومِ آزادی ہماری آزادی کی خوشی کے ساتھ یہ عہد کرنے کا دن بھی ہے کہ ملک کو محفوظ اور مضبوط بنایا جائے ۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دشمن کی سازشوں کا بھرپور جواب دے رہی ہے ، اور بھارت کے مزموم عزائم کو ناکام بنا کر جشنِ آزادی کی مسرتوں کو دوگنا کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قربانی، وژن اور اتحاد کی بنیاد پر قائم ہوا اور یہی اقدار ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔ ہمیں تعلیم میں کمال، کسانوں کی خدمت، ماحول کے تحفظ اور ہم آہنگی کے فروغ سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ اس موقع پر لیبارٹری اسکول کے طلبہ نے ٹیبلوز پیش کیے جبکہ وائس چانسلر نے شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں