الائیڈ ہسپتال ٹو : یوم آزادی پر پرچم کشائی ،شہدا کو خراج عقیدت
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال ٹو میں یوم آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر چودھری اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ظفر اقبال نے سٹاف کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور کیک کاٹا۔
تقریب کا آغاز پرچم کشائی اور سکیورٹی گارڈز کے چاق و چوبند دستے کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور پاک فوج کی معرکہ حق میں کامیابی پر مبارکباد دی گئی۔ تقریب میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر عملے نے شرکت کی۔وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی خوشیاں منانے ، قربانیاں یاد کرنے اور آزادی کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے ۔ انہوں نے ملکی ترقی میں شعبہ طب کے کردار اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ ہم آج تجدید عہد کرتے ہیں کہ مریضوں کے علاج و معالجے میں پہلے سے زیادہ محنت اور لگن سے خدمات انجام دیں گے ۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے دعا کی گئی۔