ٹوبہ:ہسپتال کامیڈیکل ویسٹ پلانٹ شہریوں کیلئے وبالِ جان

ٹوبہ:ہسپتال کامیڈیکل ویسٹ پلانٹ شہریوں کیلئے وبالِ جان

ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں میڈیکل ویسٹ کی تلفی کے لیے نصب کیا گیا انسٹریٹر پلانٹ مریضوں اور شہریوں کیلئے وبالِ جان بن گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال میں استعمال شدہ ڈرپس، سرنجیں اور دیگر میڈیکل ویسٹ جلانے کے لیے آپریشن تھیٹر، سرجیکل اور میڈیکل وارڈز کے قریب ا نسنریٹر پلانٹ نصب کیا گیا ہے۔۔۔

 جو اینٹوں والے درجنوں بھٹوں سے زیادہ زہریلا اور خطرناک دھواں خارج کرتا ہے ۔ جب ویسٹ جلائی جاتی ہے تو اس سے اٹھنے والا سیاہ اور زہریلا دھواں نہ صرف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کے لیے اذیت ناک ہے بلکہ قریبی آبادی اور ہسپتال کی کالونی کے رہائشی بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ دھوئیں سے بچے ، خواتین اور بزرگ سبھی کو سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ علاج کے لیے ہسپتال آنے والے لوگ صحت یاب ہونے کے بجائے مزید بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ۔خطرناک دھواں کسی بڑے سانحے یا وبا کا باعث بن سکتا ہے ۔ ہسپتال جو شفا کا مرکز ہوتا ہے وہی مریضوں اور شہریوں کے لیے بیماریوں کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے ۔ لواحقین کے لیے بنائے گئے پارک میں بیٹھنا ممکن نہیں رہا جبکہ وارڈز کے اندر مریضوں کو گھٹن، سانس رکنے اور آنکھوں میں جلن جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔ عملہ اور ڈاکٹرز بھی اس دھوئیں کی لپیٹ میں ہیں اور خاموشی سے متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کمپنی فی الفور پلانٹ کو ہسپتال اور شہری آبادی سے باہر کسی محفوظ مقام پر منتقل کرے تاکہ لوگوں کی مشکلات کا مثبت طور پر ازالہ ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں