کینال روڈ کی کارپٹنگ اور ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب
اقبال اسٹیڈیم کے اطراف میں کرب اسٹونز کا پینٹ ورک بھی مکمل کر لیا گیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر / کمشنر راجہ جہانگیر انور کی زیرِ نگرانی میونسپل کارپوریشن کی ٹیموں نے کینال روڈ کے خستہ حال حصوں کی معیاری کارپٹنگ مکمل کی جبکہ مغل آئرن روڈ رضاآباد کی کارپٹ تعمیر بھی مکمل کر کے شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت فراہم کی گئی۔میونسپل کارپوریشن کی جانب سے روشن فیصلآباد مہم کے تحت سٹریٹ لائٹس کو فعال کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ عزیز فاطمہ روڈ، گلستان کالونی اور دیگر علاقوں میں نئی ایل ای ڈی لائٹس اور تاریں نصب کر دی گئیں، جس سے رات کے اوقات میں راہگیروں کو نمایاں سہولت ملی ہے ۔مزید برآں، اقبال اسٹیڈیم کے اطراف میں کرب اسٹونز کا پینٹ ورک مکمل کر لیا گیا جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے ۔کمشنر / ایڈمنسٹریٹر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ شہریوں کو میونسپل سروسز کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور کینال روڈ پر لین مارکنگ کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے ۔