ڈینگی کا پھیلاؤ جاری، رواں سیزن کیسز 200 سے تجاوز
بیشتر مقامات پر ناکارہ ڈرینج سسٹم، گندگی کے ڈھیر مچھروں کی افزائش کا سبب محکمہ صحت کی کوششیں کھوکھلے دعوے ثابت ہونے لگیں، موثر کارروائی کامطالبہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈینگی کے پھیلاؤ میں اضافے کا سلسلہ جاری، رواں سیزن کیسزکی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی۔ محکمہ صحت کی کوششیں کھوکھلے دعوے ثابت ہونے لگیں ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور رواں سیزن کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز دو سو سے تجاوز کرگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں لاروا کی افزائش روکنے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے چلائی جانے والی مہم مؤثر ثابت نہیں ہوئی، جس کے باعث شہری علاقوں سمیت مضافاتی بستیوں میں بھی ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔
محکمہ صحت کے عملے کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر اسپرے اور سرویلنس کے دعوے کیے جا رہے ہیں مگر زمینی حقائق انکے برعکس ہیں۔ بیشتر مقامات پر ناکارہ ڈرینج سسٹم اور گندگی کے ڈھیر مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں روزانہ درجنوں مشتبہ مریضوں کو لایا جا رہا ہے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اگلے چند ہفتوں میں مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے ۔ شہریوں نے انتظامیہ اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈینگی مہم کو صرف کاغذوں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی طور پر موثر کارروائی کی جائے تاکہ زندگیاں محفوظ بنائی جا سکیں۔