دہشتگردی واقعات پر شہر کے داخلی ، خارجی راستوں پر سخت سکیورٹی ، پولیس کا گشت بڑھادیاگیا

 دہشتگردی واقعات پر شہر کے داخلی ، خارجی راستوں پر سخت  سکیورٹی ، پولیس کا گشت بڑھادیاگیا

ناکہ بندی پوائنٹس پر مشکوک افراد کو روک کر ڈیٹا چیک کیا جارہا ، سی پی او نے تمام گاڑیوں اور افراد کی تلاشی لینے ، کوائف پہلے سے زیادہ موثر طریقے سے چیک کرنیکی ہدایت کردی

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ملک کے مختلف علاقوں میں حالیہ دہشتگردی واقعات فیصل آباد پولیس کی جانب سے شہر بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت کرنے کے ساتھ، شہر کی مین شاہراہوں اور دیگر اہم مقامات پر پٹرولنگ اور گشت کو بھی موثر بنانے کیلئے اقدامات تیز کر دیئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات پولیس ٹیموں کو شہر میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں اور افراد کی تلاشی لینے اور کوائف پہلے سے زیادہ موثر طریقے سے چیک کرنے کی ہدایت جاری کر دی جبکہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شہر بھر کی مانیٹرنگ اور سرویلنس کا سلسلہ بھی پہلے سے تیز کر دیا گیا۔

خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس کو ایکٹو کرنے کے ساتھ وہاں تعینات عملے کو تمام گاڑیوں کی تلاشی اور سوار افراد کے مکمل کوائف ای پولیس ایپ کے ذریعے چیک کرنے کی سخت ہدایات کی گئی ہیں۔ شہر کے مختلف اہم مقامات پربھی خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں پر مشکوک افراد کو روک کر ڈیٹا چیک کیا جارہا ہے ۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ خصوصی ٹیمیں بھی سرچ آپریشنز کررہی ہیں تاکہ فتنہ الخوارج کی کارروائیاں ناکام بنائی جاسکیں ۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کہیں بھی شرپسندانہ سرگرمی دیکھیں تو فوری پولیس کو اطلاع دیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں