چناب نگر:سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ، شہری شدید پریشان
شہری بازار سے مہنگا کھانا اور ایل پی جی سلنڈر خریدنے پر مجبور ہو گئے
چناب نگر (نامہ نگار) شہر میں سوئی گیس کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے ، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گھریلو خواتین کے لیے کھانا پکانا مشکل ہو گیا، جبکہ شہری بازار سے مہنگا کھانا خریدنے اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے ہوئے ایل پی جی سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں۔ چناب نگر میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے اور شہری پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
پچھلے کئی ماہ سے سوئی گیس کی عدم دستیابی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ صبح، دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں بھی جاری رہتی ہے ، جس کے باعث ملازمین، طلباء اور کاروباری طبقہ شدید مشکلات میں ہیں۔شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی بندش کا خاتمہ کیا جائے تاکہ ایک عام آدمی اپنے گھر کا چولہا بآسانی استعمال کر سکے ۔