پنجاب سکلزڈویلپمنٹ فنڈ ، مختلف تربیتی اداروں سے 38 کروڑ کے معاہدے بغیر تشہیر کرنے کا انکشاف

پنجاب سکلزڈویلپمنٹ فنڈ ، مختلف تربیتی اداروں سے 38 کروڑ کے معاہدے بغیر تشہیر کرنے کا انکشاف

تین تربیتی منصوبوں میں مجموعی طور پر 38 کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد کی بے ضابطگی ہوئی،بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے باوجود ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس بھی نہ بلایا گیا : آڈٹ رپورٹ

فیصل آباد (بلال احمد سے )پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت مختلف تربیتی اداروں کو 38 کروڑ روپے سے زائد کے معاہدے بغیر تشہیر کے جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ آڈٹ حکام نے اس عمل کو پنجاب پروکیورمنٹ قوانین 2014 کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔سالانہ آڈٹ 2020 تا 2022 کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ نوجوانوں کے روزگار سے متعلق منصوبے میں تربیتی سکیموں کے لیے اداروں کو براہِ راست طلب نامے جاری کیے گئے اور انہیں بھاری رقوم کے معاہدے بھی دے دئیے گئے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق یہ تمام عمل شفاف مسابقتی طریقہ کار کے بغیر مکمل کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین تربیتی منصوبوں میں مجموعی طور پر 38 کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد کی بے ضابطگی ہوئی۔

جن میں ہاسپیٹیلٹی شعبے کے لیے 4 کروڑ 8 لاکھ روپے ، لائٹ ا نجینئرنگ کے لیے 4 کروڑ 95 لاکھ روپے اور کپڑا سازی و تعمیرات کے منصوبوں کے لیے 29 کروڑ 23 لاکھ روپے کے معاہدے شامل ہیں۔آڈٹ حکام کے مطابق تمام منصوبوں میں اداروں کی ہائرنگ بغیر اشتہار اور بغیر مقابلے کے کی گئی۔ بے ضابطگیوں کی نشاندہی انتظامیہ اور پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر کو کی گئی، تاہم متعدد یاد دہانیوں کے باوجود نہ جواب ملا اور نہ ہی ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا۔آڈٹ حکام نے سفارش کی ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی پر ذمہ داران کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں