فیصل آباد کی فضاانتہائی خطرناک حد تک آلودہ

فیصل آباد کی فضاانتہائی خطرناک حد تک آلودہ

شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 450 سے زائد ریکارڈ ،امین ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 940 کی خطرناک سطح تک پہنچ گیا،بھٹے ، فیکٹریاں دھواں چھوڑ رہی ہیں

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر)محکمہ ماحولیات کی سنگین غفلت کے باعث صنعتی شہر فیصل آباد کی فضا انتہائی خطرناک حد تک آلودہ ہوچکی ہے ۔ گزشتہ روز شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 450 سے زائد ریکارڈ کیا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں صورتحال اس سے بھی زیادہ تشویشناک رہی۔ امین ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 940 کی خطرناک سطح تک پہنچ گیا، امداد ٹاؤن میں اے کیو آئی 780 سے زائد، این ایف سی یونیورسٹی جڑانوالہ روڈ کے علاقے میں 680 سے زائد، زرعی یونیورسٹی کے قریب 510، نعمت کالونی میں 500، گلستان کالونی میں 470 سے زائد اور ایف ڈی اے سٹی سے ملحقہ علاقے میں 430 سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح جی سی یونیورسٹی اور پی ایچ اے دفتر سے ملحقہ علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 410 سے زائد رہا۔

شدید آلودگی کے باوجود بھٹوں اور فیکٹریوں کی چمنیاں مسلسل سیاہ دھواں اُگلتی رہیں اور محکمہ ماحولیات کی جانب سے کسی قسم کی مؤثر کارروائی سامنے نہ آسکی۔ شہر کے مختلف مقامات پر صنعتی یونٹس اور بھٹوں سے اٹھنے والا دھواں سموگ میں مزید اضافہ کرتا رہا۔ شہریوں کے مطابق محکمہ ماحولیات باربی کیو پوائنٹس کے خلاف تو کارروائیاں کرتا ہے اور انہیں سکشن ہوڈ کے استعمال کی وارننگ دیتا ہے ، تاہم فیکٹریوں اور بھٹوں کے خلاف عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ ماحولیات اگر بلا تفریق کارروائی کرے تو شہر کی فضا کو مزید آلودہ ہونے سے بچایا جا سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں