دیرینہ نادہندگان کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت
عدم ادائیگی پرجائیدادوں کو سر بمہرکردیاجائے :ڈی جی ایف ڈی اے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چودھری نے حکم دیا ہے کہ ایف ڈی اے کے دیرینہ نادہندگان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور واجبات کی عدم ادائیگی پرجائیدادوں کو سر بمہر کرنے سے گریز نہ کیا جائے ۔ انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس کے دوران جاری کیا جس میں سرکاری بقایا جات کی وصولی کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسما محسن و دیگر افسرموجود تھے ۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے مختلف مدات میں بقایا جات کی نوعیت اور انکی تازہ ترین ریکوری کو چیک کرتے ہوئے اہداف پورا نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ناقص کارکردگی کے حامل فیلڈ سٹاف کی سخت باز پرس کی جائے ۔ انہوں نے ہاؤسنگ سکیموں میں غیر قانونی ڈیویلپمنٹ پر عائد جرمانوں، کمرشلائزیشن فیسوں اور دیگر نوعیت کے بقایاجات کی 100 فیصد وصولیوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ فیلڈ سٹاف کو غیر معمولی طور پر متحرک رکھا جائے اور افسرتفویض کردہ ٹارگٹس کے حصول کی پیشرفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں تاکہ سست روی پر فوری محاسبہ ہو سکے ۔