گیس بندش پر ایل پی جی مافیا کی لوٹ مارتیز: 300روپے کلو فروخت

گیس بندش پر ایل پی جی مافیا کی لوٹ مارتیز: 300روپے کلو فروخت

طے کردہ قیمت 201روپے کلو نظرانداز،من مانے نرخ،اوگرا نے چیف سیکرٹریز کو سرکاری قیمت کے اطلاق کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات دینے کی ہدایت کردی

فیصل آباد(بلال احمد سے )سوئی گیس کی بندش کے بعد ایل پی جی مافیا کی لوٹ مار تیز، اوگرا کی طے کردہ قیمت 201 روپے فی کلو کے بجائے بڑے فرق سے ایل پی جی 300 روپے سے زائد میں فروخت کی جانے لگی۔ اوگرا نے ملک بھر کے چیف سیکرٹریز کو سرکاری قیمت کے اطلاق کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات دینے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہ نومبر کے لیے ایل پی جی کی قیمت 201 روپے فی کلو جبکہ سلنڈر کے حساب سے 11.8 کلو سلنڈر کی قیمت 2378 روپے مقرر کی تاہم سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ پرایل پی جی کے استعمال میں اضافے کے پیش نظر ڈیلرز کی جانب سے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جانے لگا ۔ مارکیٹ سے ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور عوامی شکایات کے پیش نظر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کے چیف سیکرٹریز کو ہنگامی مراسلہ جاری کردیا۔ جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اوگرا نے نومبر 2025 کے لیے 11.8 کلو سلنڈر کی زیادہ سے زیادہ صارف قیمت 2 ہزار 378 روپے مقرر کی ہے ، جسکے حساب سے فی کلو قیمت تقریباً 201 روپے بنتی ہے ۔

اسکے باوجود مختلف شہروں میں ایل پی جی 3 ہزار 700 سے 4 ہزار روپے فی سلنڈر تک فروخت ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، جس سے مہنگائی اور عوامی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر انفورسمنٹ اوگرا سہیل طارق کے مطابق اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیمیں ایل پی جی پلانٹس اور ڈسٹری بیوٹرز کی چیکنگ کر رہی ہیں جبکہ قیمتوں میں من مانی کرنے والوں کیخلاف جرمانوں اور کارروائیوں کا آغاز ہو چکا ہے ۔ اتھارٹی نے ایل پی جی کمپنیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے پلانٹس پر لازمی طور پر سرکاری نرخ نمایاں طور پر آویزاں کریں اور تمام سلنڈرز کے اجرا پر ریٹ کے مطابق انوائس اور گیٹ پاس جاری کریں۔ اوگرا نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فوری فعال کریں تاکہ سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔ مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ قیمتیں بڑھانے والے ، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف صوبائی قوانین کے مطابق سخت کارروائیاںکی جائیں۔ اس حوالے سے دکانداروں کا کہنا ہے کہ ڈسٹری بیوٹرز کمپنیاں انہیں مہنگی گیس فراہم کرتی ہیں جس پراوپن مارکیٹ میں اضافی ریٹ وصول کیے جاتے ہیں۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار اپنا جرم چھپانے کیلئے کمپنیوں کا نام لیکر گرانفروشی کررہے ہیں جن کیخلاف سخت ایکشن لینا چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں