گندم کے سرکاری ذخائر کم، منافع خور سرگرم : آٹے کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ
محکمہ خوراک کے پاس گندم ذخائر ختم ہونے کے قریب ،آٹامہنگا ہونے کاامکان ، ذخیرہ اندوزشہریوں کو لوٹنے کی تیاری میں مصروف
فیصل آباد(عبدالباسط سے )محکمہ خوراک کے پاس موجود گندم کے سرکاری ذخائر مبینہ طور پر ختم ہونے کے قریب پہنچ گئے ، سرکاری طور پر گندم کے ذخائر ختم ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے شہریوں کو لوٹنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں، حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے حکام کی جانب سے بروقت اور مناسب اقدامات نہ کئے جانے سے آئندہ مہینوں میں گندم اور آٹے کی شدید قلت پیدا ہونے اور انکی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہونے کے خدشات بھی منڈلانے لگے ہیں جس سے شہریوں کو شدید مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اسکے باوجود صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے حکام کی جانب سے اقدامات اٹھانے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق فیصل آبا د سمیت پنجاب بھر کے اضلاع میں حکومتی سطح پر دو سال سے گندم کی خریداری نہیں کی گئی۔ جس سے سرکاری ذخائر میں دو سال میں کوئی اضافہ نہ ہوسکا تھاجبکہ گزشتہ دو برسوں کے دوران نئی فصل آنے کے وقت مارکیٹ کو اوپن چھوڑ دیا گیا۔ جس کا ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اس عرصے میں گندم کے وسیع ذخائر خرید کر مبینہ طور پر ذخیرہ کرلئے اور مارکیٹ میں نکالنے کیلئے مناسب وقت کا انتظار کیا جانے لگا۔ ذرائع سے انکشاف ہوا ہے کہ محکمہ خوراک کے پاس سرکاری ذخائر جو تین سال قبل خریدے گئے تھے وہ ختم ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ جس سے ماہرین خوراک نے آئندہ دنوں میں گندم اور آٹے کی شدید قلت پیدا ہونے اور انکی قیمتوں میں خطرناک حد تک بڑھنے کے خدشات ظاہر کئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان دنوں میں بھی آٹے اور گندم کی قیمتوں میں گزشتہ مہینوں کی نسبت واضح اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ، اوپن مارکیٹ میں 15 کلو فائن آٹے کے تھیلے کی قیمت 1300 سے بڑھ کر 2 ہزار پر جاپہنچی ہے ، اسی طرح سے ریگولر آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 700 سے بڑھ کر 1200 روپے تک جاپہنچی ہے ۔ جس سے عام آدمی کو ابھی سے ہی آٹے اور گندم کی خریداری کیلئے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ماہرین خوراک کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں گندم اور آٹے کے ممکنہشدید بحران سے بچنے کیلئے اگر حکومت بیرون ممالک سے بروقت گندم درآمد کروالے تو صورتحال کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے اگر بروقت گندم درآمد کرنے سمیت دیگر مناسب اقدامات نہ کئے گئے تو حالات کو کنٹرول کرنا بہتر مشکل ہوجائے گا۔ شہریوں نے بھی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے سمیت دیگر اقدامات اٹھائے جائیں۔