جڑانوالہ: ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن، شہری متاثر
بسوں، ویگنوں کی عدم دستیابی پر مسافروں کو پرائیویٹ سواریوں کا رخ کرنا پڑتا
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)تحصیل انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر چلنے والی گاڑیوں اور بغیر کاغذات کے روٹس پر دوڑنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ کریک ڈاؤن کے آغاز کے ساتھ ہی متعدد ٹرانسپورٹرز ذمہ داری سے فرار اختیار کر کے گاڑیاں چھپا بیٹھے ، جس کا براہ راست نقصان شہریوں کو اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق کارروائی سے بچنے کے لیے کئی ڈرائیور چھپ چھپا کر گاڑیاں چلاتے ہیں اور جڑانوالہ سے فیصل آباد تک کرایہ 200 روپے سے بڑھا کر 250 روپے وصول کر رہے ہیں، جس پر مسافروں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
صبح کے اوقات میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے اور خواتین، بزرگ اور بچے ہاتھوں میں سامان اٹھائے سڑک کنارے گھنٹوں انتظار کرتے ہیں۔ بسوں اور ویگنوں کی عدم دستیابی کے باعث کئی مسافروں کو مہنگی پرائیویٹ سواریوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صرف کارروائی کافی نہیں، بلکہ مسافروں کے لیے فوری متبادل ٹرانسپورٹ کا انتظام، کرایوں کا کنٹرول اور روزانہ کی مانیٹرنگ بھی ضروری ہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے اقدامات کا فائدہ تب ہی ہوگا جب مسافروں کو اذیت سے بچایا جائے اور ٹرانسپورٹرز کو قانون کے مطابق لایا جائے ۔