کھرڑیانوالہ میں ہیلمٹ فروخت کرنے والوں کی چاندی
من مرضی کے ریٹ مقرر ،بے بس شہری مہنگے داموں ہیلمٹ خریدنے پر مجبور
کھرڑیانوالہ (نمائندہ دنیا )وارڈن پولیس کی جانب سے موٹرسائیکل سواروں کے چالانوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے ، جس کے باعث شہری ہیلمٹ خریدنے پر مجبور ہیں اور بازار میں ہیلمٹ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ شہریوں کے مطابق ہزار والا ہیلمٹ اب دو ہزار سے پچیس سو روپے اور دو ہزار والا ہیلمٹ چار ہزار سے 4500روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے ۔وارڈن پولیس دفتر کے سامنے سینکڑوں شہریوں کا رش دیکھنے میں آیا، جس کے باعث شہری خوف کے مارے ہیلمٹ زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ متعدد شہری موٹرسائیکل کی بجائے دوبارہ سائیکل یا بسوں کا استعمال شروع کر چکے ہیں۔
وارڈن پولیس کا کہنا ہے کہ چالان سے حاصل شدہ رقم حکومت کے اکاؤنٹ میں جاتی ہے اور ہیلمٹ کے استعمال پر زور حادثات کے دوران جانی نقصان سے بچانے کے لیے دیا جا رہا ہے ۔ تاہم سوشل میڈیا پر شہری اس معاملے کا مذاق اڑا رہے ہیں، اور خوف کے سبب پیدل چلتے ہوئے بھی ہیلمٹ کا استعمال کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی مہنگائی اور بجلی و گیس کے بلوں کے بعد ان کے لیے یہ اضافی اخراجات مشکل پیدا کر رہے ہیں۔ شہری نوید، عمران، خلیل، بوٹا، غلام نبی، بابر حسین، ابوبکر، اللہ دتہ اور نتھوولد خیرا نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا ہنگامی بنیادوں پر نوٹس لیا جائے ۔