چناب نگر :کیمیکل ملی اشیا کی فروخت، شہریوں کی صحت متاثر
بزرگ شہری اور معصوم بچے کیمیکل ملا دودھ پی کر بیمار ہو رہے ہیں
چناب نگر (نامہ نگار )اندرون شہر اور مضافاتی علاقوں میں کیمیکل ملی چائے کی پتی، مرچیں اور مصالحہ جات کی فروخت کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا ہے ۔ کیمیکل ملا دودھ اور دیگر اشیاء انسانی زندگی کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو رہی ہیں۔شہریوں کے مطابق بزرگ شہری اور معصوم بچے کیمیکل ملا دودھ، مصالحہ جات، مرچیں اور چائے کی پتی کے استعمال سے آنتوں اور معدے کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت کے خلاف مستقل بنیادوں پر کارروائی نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے ، جس کی وجہ سے بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق اثر و رسوخ رکھنے والے بڑے ملاوٹ مافیا کے سرغنہ حکومتی شکنجے سے بچے ہوئے ہیں، کیونکہ ان کی پشت پناہی سیاسی افراد اور متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکار کر رہے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔