جھنگ روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں جاری

جھنگ روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں جاری

وارڈن صرف موٹر سائیکل سواروں کو روک کر چالان کرنے میں مصروف

پینسرہ (نمائندہ دنیا )جھنگ روڈ پر چنگ چی رکشہ، لوڈ گاڑیاں، مٹی کی ٹرالیاں اور پھٹہ رکشوں کی بھرمار کے باعث ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کنٹرول پر ما مور وارڈن اہلکار صرف موٹر سائیکل سواروں کو روک کر چالان کرنے میں مصروف ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے ۔شہریوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وارڈن اہلکاروں کو صرف چالان کرنے کے بجائے ٹریفک کنٹرول اور ٹریفک جام کو روکنے کی ذمہ داری پوری کرنے کی ہدایت دی جائے۔

چوہلہ پلی سے شاداب موڑ سروس روڈ پر گڈز ٹرانسپورٹ مالکان کی موجودگی نے گذرنا محال کر دیا ہے ، جس کے باعث ٹریفک جام معمول بن چکا ہے ۔شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ چنگ چی، پھٹہ رکشہ اور لوڈ گاڑیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ حادثات ہوتے ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے ۔ خود ساختہ یوٹرن بھی حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔عوام نے حکومت پنجاب سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی مرمت، تجاوزات کا خاتمہ، سروس روڈ پر چھوٹی گاڑیوں کی بحالی اور غیر قانونی یوٹرن کی روک تھام بھی یقینی بنائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں